وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی نے کہا کہ مغربی بنگال میں ایسا کچھ نہیں کیا جائے گا جس سے طلبا کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کو کھولنے سے متعلق جو گائیڈ لائن جاری کی جائے گی اس پر ضرور عمل کیا جائے گا لیکن اسکول کھولنے کا فیصلہ ریاستی حکومت کرے گی۔
ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سیکرٹری پارتھو چٹرجی نے کہا کہ مناسب وقت آنے پر کورونا گائیڈ لائن کے مطابق تمام تعلیمی ادارے کھولیں جاییں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو کھولنے سے قبل محکمہ صحت سے مذاکرات کئے جائیں گے اور حالات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ریاستی حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد ہی مغربی بنگال کے تمام تعلیمی اداروں میں دوبارہ سرگرمیاں بحال کردی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بیشتر ریاستوں میں مرکزی حکومت کی ہدایات کے بعد تعلیمی اداروں کو کھول دیا گیا تھا لیکن کچھ ہی دنوں بعد دوبارہ بند کردیا گیا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے سبب گزشتہ سال مارچ سے مغربی بنگال کے تمام تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئی تھی حالانکہ مغربی بنگال حکومت کی ہدایت پر تعلیمی اداروں نے طلبا کے لئے آن لائن تعلیم کا نظم کیا ہے۔