مغربی بنگال کے بردوان ضلع کے درگاپور میں واقع قومی شاہراہ 19 پر ہوئے ایک دلدوز سڑک حادثے میں ایک کانسٹیبل کی موت ہو گئی جبکہ دیگر تین پولیس اہلکار شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ Constable Killed in Durgapur Road Accident
ذرائع کے مطابق آج دن میں قومی شاہراہ 19 پر سڑک حادثے کے بعد کاکسا تھانے کی پولیس حالات کا جائزہ لے رہی تھی۔ حادثے کی شکار گاڑیوں کو سڑک سے ہٹانے کا کام چل رہا تھا۔ اسی وقت ایک ٹرک نے وہاں موجود کاکسا پولیس اہلکاروں کو ٹکر مار دی۔ پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے، جنہیں قریب کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ایک کانسٹیبل کی موت کی تصدیق کی۔ اس حادثے میں شدید طور پر زخمی ہو والے تین پولیس اہلکاروں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
درگاپور پولیس کمشنر سامنتا بنرجی نے کہا کہ حادثے کے بعد قومی شاہراہ پر حالات کو معمول پر لانے کی کوشش کی جا رہی تھی تبھی یہ حادثہ پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں ہلاک ہونے والے کانسٹیبل کی شناخت اکھلیش منڈل (27 ) کے طور پر ہوئی ہے۔
ایس پی سامنتا بنرجی کے مطابق ٹرک کے ڈرائیور اور خلاصی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔