اترا کھنڈ میں پتھورا گڑھ اسمبلی سیٹ پر ضمنی انتخابات کےلئے پیر کی صبح آٹھ بجے سے پرامن طریقے سے ووٹنگ شروع ہوئی۔
ضلع الیکشن افسر ڈاکٹر وجے کمار جوگدنڈے نے بتایا کہ ضمنی انتخابات کی وجہ سے نیپال سرحد کو 72گھنٹے پہلے سیل کردیاگیا ہے۔اندرونی ضلعوں کی سرحد پربھی خصوصی حفاظتی انتظامات ہیں۔سخت جانچ کے بعد ہی گاڑیوں کو دوسرے اضلاع سے پتھورا گڑھ کی سرحد میں داخل ہونے کی اجازت ہے۔
مسٹر جوگدانڈے نے بتایا کہ پولنگ پارٹیوں کو دو دن پہلے ہی اپنی منزل مقصود پر بھیج دیا گیا تھا۔ ضمنی انتخاب میں کل 109 پولنگ پارٹیاں مختلف بوتھس پر کھڑی ہیں۔ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانےکے لئے ایک درجن سے زائد سیکٹر اور زونل مجسٹریٹ تعینات کردیئے گئے ہیں۔ انتشار پیدا کرنے والے عناصر سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولنگ صبح آٹھ بجے سے شام پانچ تک چلے گی۔ حفاظت کے لئے تمام احتیاطی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق قدآور رہنما اور ریاستی وزیر خزانہ پرکاش پنت کی اچانک موت کے بعد خالی ہونے والی اس اسمبلی سیٹ پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔ بی جے پی نےیہاں سےمسٹر پنگ ک اہلیہ چندراپنت کو امیدوار بنایا ہے۔ کانگریس نے انجو لونٹھی کو یہاں سے امیدوار نامزد کیا ہے۔ یہاں بنیادی مقابلہ بی جے پی اور کانگریس کے مابین ہے۔