واضح ہوکہ ڈوئی والا کے گاؤں ٹیلی والا میں بابا سید جلال الدین شاہ رحمۃ اللہ علیہ کا مقبرہ ہے، جہاں کچھ شر پسند عناصر نقدی، چھت کے پنکھے وغیرہ چوری کرنے کے ساتھ قبر کی چادروں اور قرآن شریف کےپاروں کو جلانے کی مذموم حرکت کی ہے۔
یہ واقعہ کل رات کا بتایا جارہا ہے، جس کاپتہ آج شام کو اس وقت چلا جب زائرین درگاہ شریف پر نیازکے لیے پہنچے۔
گاؤں کے پردھان عبد الرزاق نے بتایا کہ جو مزار کے اوپر چادر چڑھائی جاتی ہے، وہ ساری اتار کر غائب کر دی گئی، قرآن شریف اور سپارے رکھے ہوئے تھے اور وہاں پر موجود ساز و سامان سب کو تباہ کردیا گیا۔
انہوں نے یہ بھی مانا کہ یہ سب امن و چین خراب کرنے کی کوشش ہے جسے ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ملک کے ساتھ ساتھ اتراکھنڈ میں، جہاں سی اے اور این آر سی سے ماحول پہلے ہی گرم ہے، وہیں ان سماج دشمن عناصر نے مزار میں یہ مذموم حرکت کرکے ماحول خراب کرنے کی پوری کوشش کی ہے۔ اس ناپا ک حرکت سے جہاں مسلمانوں میں سخت غم و غصہ ہے ، وہیں پولیس محکمہ کے اعلی افسروں نےاس معاملے کی نزاکت کوسمجھتے ہوئے بھاری پولیس فورس کے ساتھ مورچہ سنبھالتے ہوئے باہمی روابط اور بھائی چارے کو برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔
اس دوران پولیس اہلکاروں نے حضرت سید جلال الدین بابا کے مزارشریف کی صاف صفائی کرکے چادرپیش کی ہے اوراس طرح انہوں نے ماحول کو پرامن بنے رہنے کی قابل قدر سعی کی ہے۔
اس موقع پر ایس ایس پی ارون موہن جوشی نے کہا کہ شرارتی عناصر کو جلدی ہی تلاش کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔
انہوں نے مانا ہے کہ سماج دشمن عناصر نے ماحول خراب کرنے کا کام کیا ہے۔