ریاست اتراکھنڈ کے شہر ہلدوانی کے مسلم اکثریتی علاقے اندرا نگر کے لوگ خوف و ہراس میں مبتلا ہیں کیونکہ محکمۂ ریلوے نے اچانک نوٹس جاری کرکے یہاں کے تقریباً ڈیڑھ ہزار سے زائد مکانات کو صرف 15 دنوں کے اندر خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق محکمہ ریلوے نے 1581 مکینوں کو 15 دن کے اندر خالی کرنے کا آرڈر جاری کیا ہے۔ اس طرح کا نوٹس ملنے سے یہاں آباد سینکڑوں کنبے کو اجڑنے کا خوف ستا رہا ہے بلکہ انہیں دوسری جگہ آباد ہونے کے لیے کوئی زمین بھی نہیں الاٹ کی گئی ہے جس سے انہیں اپنا مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے۔
مزید یہ کہ ریلوے پولیس اور آر پی ایف اہلکاروں کے ہمراہ بھاری پولیس فورس نے یہاں کے کل 1،581 گھروں کا انتخاب کیا اور ان مکانات کو 15 دنوں میں خالی کرنے کا نوٹس بھی چسپاں کیا ہے جس سے علاقے کے لوگ شش و پنج میں مبتلا ہیں۔
ریلوے نے نوٹس میں واضح طور پر لکھا ہے کہ اگر 15 دنوں کے اندر تمام لوگ اگر مکانات خالی کرکے دوسری جگہ منتقل نہیں ہوئے تب محکمہ ان گھروں کو منہدم کرنے پر مجبور ہوگا۔
واضح رہے کہ ہلدوانی کے اندرا نگر میں ریلوے سے متصل زمین پر ہزاروں افراد برسوں سے مقیم ہیں لیکن محکمہ ریلوے ایک عرصے سے اس زمین پر اپنا دعوی پیش کرتا رہا ہے اور اس سے قبل بھی مکانات خالی کرنے کی کوششیں کی گئی تھیں لیکن سیاسی مداخلت کے سبب کارروائی روک دی گئی تھی تب سے یہ معاملہ کورٹ میں بھی زیر غور ہے۔
مقامی لوگوں نے ریلوے کے اس اقدام کو منمانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف کورونا جیسے وبائی دور میں حکومت کو غریب عوام کی مدد کرنے کی ضرورت ہے لیکن معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہونے کے باوجود محکمۂ ریلوے کا یہ فیصلہ قابل مذمت ہے اور غریبوں کو اجاڑنے کی طرح ہے۔
مقامی لوگوں نے یہ بھی کہا انھیں عدالت پر پورا اعتماد ہے کہ فیصلہ غریب لوگوں کے حق میں آئے گا۔