اتراکھنڈ کے جس پور میں سڑک جام کرنے کے آٹھ سال پرانے معاملے میں عدالت نے جمعہ کو موجودہ کابینہ وزیر اروند پانڈے اور تین دیگر ایم ایل اے سمیت 16 لوگوں کے خلاف غیرضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے۔ عدالت نے انہیں 23 اکتوبر تک عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔
معاملہ اودھم سنگھ نگر کے جس پور سے جڑاہوا ہے۔ پولیس نے جون 2012 میں جس پور کے سبھاش چوک میں روڈ جام کرنے کے ایک معاملہ میں اس وقت کے ایم ایل اے اور موجودہ وزیراروند پانڈے اور رکن اسمبلی ہربھجن سنگھ چیما، راجکمار ٹھکرال اور آدیش چوہان سمیت 24 لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا تھا۔
معاملہ ایک شخص کے ذریعہ دوسرے مذہب کی خاتون کو بھگانے کا تھا اور بتایا جاتا ہے کہ ملزمان نے شخص کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے سڑک جام کرنے کے ساتھ ہی مظاہرہ کیا۔
اس سے نہ صرف ہنگامہ کھڑا ہوا بلکہ امن وامان خراب ہونے کا خطرہ لاحق ہوگیا۔ واقعہ کے فوری بعد پولیس نے سات افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ ان تمام ملزمان کو بعد میں ضمانت مل گئی۔
معاملہ کاشی پور کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں چلا اور عدالت نے 2019 میں بھی ملزمان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیے۔ عدالت کے حکم کی پیروی کرتے ہوئے پولیس نے کابینی وزیر اور دیگر تینوں رکن اسمبلی کی املاک قرق کرنے کے لیے ان کے گھروں پر نوٹس چسپاں کردیے تھے۔
اسی دوران ریاستی حکومت کی جانب سے معاملہ واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا اور حال ہی میں ضلع انتظامیہ کو اس سلسلے میں ایک خط بھیجا گیا لیکن عدالت نے حکومت کے فیصلہ پر پانی پھیر دیا اور معاملہ واپس لینے سے متعلق درخواست کو خارج کردیا۔
یہ بھی پڑھیے
ادھو حکومت کو برخاست کرنے والی درخواست سپریم کورٹ سے خارج
اس کے بعد ملزم ضلع عدالت پہنچے اور فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کی لیکن ضلع عدالت نے ملزمان کو راحت نہیں دی۔ اس کے بعد نچلی عدالت نے 16 ملزمان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کردیے۔عدالت نے پولیس کو ملزموں کی گرفتاری کے لیے ایک ٹیم تشکیل دینے اور تمام ملزمان کو 23 اکتوبر تک عدالت میں پیش کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔
پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ عدالت کا حکم انہیں موصول ہوگیا ہے اور پولیس سبھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایک ٹیم تشکیل دے رہی ہے۔ عدالت کے حکم کی پیروی کی جائے گی۔