علی گڑھ: اقوام متحدہ کی جانب سے ہر سال 4 فروری کو یوم کینسر منایا جاتا ہے اور سال 2023-2024 کا تھیم ”نگہداشت کے خلا کو پُر کریں“ ہے، جو مختلف ممالک اور آمدنی، عمر، جنس، اور نسلی گروہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے لیے کینسر کے علاج کی خدمات تک رسائی میں فرق کو ختم کرنے پر مرکوز ہے۔ اس موقع پر غیر سرکاری تنظیم 'ونگس آف ڈیزائر' کے رضاکاروں نے کینسر کے بارے میں بیداری کے لیے ایک ڈرامہ پیش کیا، جب کہ وارڈ اسسٹنٹ صدیق صابری نے اس دن سے متعلق اپنی تحریر کردہ ایک نظم سنائی۔
یہ بھی پڑھیں:
عالمی یوم کینسر پر منعقدہ پوسٹر سازی اور مضمون نویسی مقابلوں میں بالترتیب پریا کشیپ (اے بی کے گرلز اسکول، اے ایم یو) اور آمنہ شمیم، سینئر سیکنڈری اسکول (گرلز)، اے ایم یو نے اوّل انعام حاصل کیا۔ پوسٹر سازی مقابلے میں مدیحہ عمران (عبداللہ گرلز ہائی اسکول، اے ایم یو) نے دوم انعام، جب کہ سوم انعام اریبہ (یس اسکول) اور شیزا خان (البرکات پبلک اسکول) نے مشترکہ طور پر حاصل کیا۔ مضمون نویسی کے مقابلے میں مریم عارف (البرکات پبلک اسکول) اور سنان اشاز (بلوسم اسکول) نے مشترکہ طور سے دوم انعام جب کہ فاطمہ امتیاز (اے بی کے گرلز اسکول، اے ایم یو) نے سوم انعام حاصل کیا۔
عالمی یوم کینسر پر پوسٹر سازی اور مضمون نویسی مقابلوں کے علاوہ کینسر سے متعلق آگہی کیمپ بھی لگایا گیا۔ پروفیسر محمد اکرم، صدر شعبہ ریڈیئیشن آنکولوجی نے یوم کینسر کی اہمیت بیان کرتے ہوئے شعبہ کی جانب سے منعقدہ پروگراموں کے بارے میں بتایا۔ پروفیسر وینا مہیشوری، ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن، جے این ایم سی نے مختلف مقابلوں کے فاتحین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے دنیا بھر میں کینسر کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا اور ان اقدامات کی وضاحت کی جو ممکنہ طور پر اس مہلک بیماری کی روک تھام، تشخیص اور علاج کے لیے اپنائے جا سکتے ہیں۔