علیگڑھ: شعبہ کمیونٹی میڈیسن، جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، اے ایم یو کی جانب سے عالمی بریسٹ فیڈنگ ہفتہ کے موقع پر مختلف بیداری پروگراموں، صحت مذاکروں، ڈبیٹ اور سلوگن رائٹنگ مقابلے کا اہتمام کیا گیا۔ ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن اور ہفت روزہ پروگراموں کی اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی پروفیسر وینا مہیشوری نے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی ٹیم کے جذبہ اور لگن کو سراہتے ہوئے کہاکہ انہوں نے صدر شعبہ پروفیسر سائرہ مہناز کی قیادت میں ہفتہ بھر کی تقریبات کو خوش اسلوبی کے ساتھ اور کامیابی سے منعقد کیا۔
پروفیسر مہیشوری نے ڈبیٹ کے ججوں کی عزت افزائی اور فاتحین میں انعامات تقسیم کئے۔ انہوں نے سماج کی فعال شمولیت کے ساتھ مختلف قسم کی اختراعی اور پرکشش سرگرمیوں کو منعقد کرنے پر شعبہ کو مبارکباد پیش کی۔ قبل ازیں پروفیسر سائرہ مہناز نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور پستان سے دودھ پلانے کے عالمی ہفتہ کی اہمیت واضح کی۔ ڈاکٹر عظمیٰ ارم، ممبر انچارج، رورل ہیلتھ ٹریننگ سینٹر، جواں اور ڈاکٹر علی جعفر عابدی، ممبر انچارج، اربن ہیلتھ ٹریننگ سینٹر نے مختلف سرگرمیوں کے بارے میں بتایا۔ سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر شیوانگی کماری (آر ایچ ٹی سی) اور ڈاکٹر کارتیکا پی (یو ایچ ٹی سی اور شعبہ کمیونٹی میڈیسن) نے ہفت روزہ پروگراموں کی تفصیلی رپورٹیں پیش کیں۔
ڈبیٹ مقابلے میں مس صفیہ اور محمد حمزہ خان (2022 بیچ ایم بی بی ایس) نے پہلا انعام جیتا جبکہ دوم انعام محمد اشعر الہدیٰ اور طلحہ خان (2022 بیچ ایم بی بی ایس) کی ٹیم نے حاصل کیا۔ ڈاکٹر جویریہ ٹی خان، ڈاکٹر اثنا رفعت خان اور ڈاکٹر ہاردک جین (2018 بیچ کے انٹرن) نے سلوگن رائٹنگ کے انعامات جیتے۔ این جی او آسرا فار ویمن میں ہوئے پینٹنگ مقابلے کے انعام یافتگان میں انعمت یاسمین، شاذیہ شیخ اور ناظمہ خان شامل تھیں۔ نکڑ ناٹک میں حصہ لینے والے 2018 بیچ کے انٹرن کی بھی عزت افزائی گئی۔
ڈاکٹر چندن کمار تیواری، جونیئر ریزیڈنٹ نے اختتامی تقریب میں شکریہ کے کلمات ادا کئے۔ پروفیسر سائرہ مہناز نے بتایا کہ کمیونٹی میڈیسن شعبہ میں ہونے والے ڈبیٹ میں دو ممبران پر مشتمل سات ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ تقریب کی جج ڈاکٹر صفیہ حبیب، شعبہ بایو کیمسٹری، جے این ایم سی اور ڈاکٹر نعمہ عثمان، شعبہ اناٹومی، جے این ایم سی تھیں۔ ڈاکٹر کارتیکا پی، سینئر ریزیڈنٹ ڈبیٹ کی ماڈریٹر تھیں۔ تقریب کا اختتام ججوں کے کلمات اور اسناد کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: Gyanvapi Mosque Case گیان واپی مسجد کا سروے جاری، سیٹلائٹ کنکشن کے ذریعے ہو رہی ہے تھری ڈی میپنگ
ہفتہ وار تقریبات کے دوران یو ایچ ٹی سی، آر ایچ ٹی سی اور فیلڈ پریکٹس علاقے بشمول آنگن واڑی سنٹر، اسکول، گاؤں میں کنبے گود لینے کے پروگرام، سی ایچ سی اور غیرسرکاری تنظیموں کے دفاتر وغیرہ میں مختلف سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ اس سال یہ پروگرام شعبہ ہوم سائنس اور خواتین کے لیے کام کرنے والی تنظیم آسراکے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا۔