بارہ بنکی: اترپردیش کے بارہ بنکی میں سنیچر کو بی جے پی اقلیتی مورچہ کے کارکنان نے رام نومی کا جشن جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر بی جے پی اقلیتی مورچہ کے کارکنان نے آتش بازی کی اور لوگوں میں مٹھائی تقسیم کی۔ اقلیتی مورچہ کے کارکنان نے اس موقع پر بھائی چارے اور انسانیت کا پیغام عام کرنے کا عزم کیا۔ BJP Minority Front on Ram Navami
واضح رہے کہ بی جے پی اقلیتی مورچہ کے کارکنان ہر برس رام نومی کا جشن مناتے ہیں۔ اسی کے پیش نظر شہر کے ناگیشور ناتھ مندر کے سامنے بی جے پی اقلیتی مورچہ کے ریاستی کاؤنسل اور اترپردیش اردو اکادمی کے رکن راجا قاسم کی قیادت میں کارکنان نے سبیل لگائی جہاں تمام افراد کو مٹھائی اور ٹھنڈا پانی تقسیم کیا۔
اس موقع پر راجا قاسم نے کہا کہ بارہ بنکی گنگا جمنا تہذیب کا مرکز ہے۔ ہم لوگ اس لیے تمام تیوہاروں کو ایک ساتھ مل کر مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے آپسی بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا سبق تمام دنیا کو لینا چاہیے۔ انہوں نے رام کے نام پر لوگوں کو خوفزدہ کرنے والوں کو ملک مخالف قرار دیا اور کہا کہ ہم جیسے لوگ انہیں شکست دینے کا کام کر رہے۔