ریاست اترپردیش کے نوئیڈا میں عالمی یوم خواتین کے موقع پر یتھارتھ سپر اسپیشلٹی ہاسپٹل کی جانب سے خواتین کے لیے ایک دوڑ کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام کی مہمان خصوصی بالی ووڈ کی معروف اداکارہ امیشا پٹیل نے دوڑ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
سپر اسپیشلٹی ہاسپٹل کی ڈائریکٹر ڈاکٹر منجو تیاگی نے کہا کہ 'خواتین کی خراب صحت سے جو براہ راست وجہ جڑی ہے وہ ملک میں خواتین کے ساتھ مسلسل ہونے والا امتیازی سلوک ہے۔ معاشرے میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم کے بارے میں شعور بیدار کرنے کے لیے خواتین کے اعزاز میں سیکٹر 110 کے یتھارتھ ہاسپٹل سے شعور بیداری اور احتیاط کے لیے ہی اس واک تھان کا اہتمام کیا گیا۔
خواتین نے تین کلومیٹر طویل مارچ نکالا۔ واک تھان میں بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل اور گوتم بودھ نگر کے سی ایم او ڈاکٹر انوراگ بھارگو بھی شامل تھے۔
اس دوران ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے اس دوڑ میں حصہ لیا اور معاشرے میں شعور بیداری کا پیغام بھی دیا۔
بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل نے اس دوران خواتین کے وقار اور حقوق کے بارے میں بات کی۔
انہوں نے کہا کہ 'خواتین آج ہر میدان میں آسمان کی بلندیوں کو چھو رہی ہیں۔ آج زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی موجودگی درج ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'خواتین کے لیے کوئی ایک مخصوص دن مختص نہیں ہونا چاہیے بلکہ انہیں ہر دن اعزاز سے نوازا جانا چاہیے۔ آج خواتین نے جو مقام حاصل کیا ہے، اس کا اعتراف کیا جانا چاہیے تاکہ خواتین کی کوششوں، کاوشوں اور جدوجہد کو نظر انداز نہیں کیا جا سکے۔'
اس کے علاوہ انہوں نے لوگوں کو کورونا وائرس کے حوالے سے پھیلنے والی غلط فہمیوں سے آگاہ کیا۔ لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ابھی سے محتاط رہیں۔ اسے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ احتیاط سے اس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔