نئی دہلی سے دارجلنگ شرمک اسپیشل ٹرین سے اپنے خاندان کے ساتھ جا رہی 51 برس کی خاتون کی ٹرین میں اچانک موت ہو گئی۔ معاملے کی جانکاری جیسے ہی اٹاوا جی آر پی کو ملی وہ موقع پر پہنچی۔ اس کی اطلاع مقامی پولیس کو دی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ خاتون کا کورونا ٹیسٹ کے لیے نمونہ لے لیا گیا ہے۔
سی ایم او این ایس تومر نے بتایا کہ 'اطلاع ملی تھی کہ ایک خاتون کی ٹرین میں موت ہو گئی ہے۔ اٹاوا ریلوے اسٹیشن میں ایک خاتون کی لاش اور اس کے اہل خانہ کو اتارا گیا۔ سبھی لوگ نئی دہلی سے دارجلنگ شرمک اسپیشل ٹرین سے جا رہے تھے۔ بعد میں اسے پوسٹ مارٹم ہاؤس لے جایا گیا۔ وہیں اس خاتون کی سیمپلنگ بھی کی گئی۔ اسی کے ساتھ پوسٹ مارٹم کے بعد خاتون کی لاش اور اس کے اہل خانہ کو ان کے گھر تک بھجوانے کے لیے انتظامیہ نے گاڑیوں کا انتظام کرایا ہے'۔
خاتون کے داماد رنجیت نے بتایا کہ ہم سب نئی دہلی سے نیو جلپائی گوڑی جا رہے تھے۔ راستے میں ٹرین میں انہیں چکر کی شکایت شروع ہو گئی تھی، جس کے بعد ہم لوگوں نے فورا ہی ہیلپ لائن نمبر پر فون کیا، لیکن کوئی سہولت نہیں مل پائی۔ یہاں پر تمام افسران نے مدد کی اور اب ان کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔ اس کے بعد ہم گھر جائیں گے۔