اتر پردیش کے سیتاپور میں جمعرات کے روز ایک خاتون کی مبینہ طور پر اجتماعی آبروریزی کے بعد اسے نذر آتش کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
پولیس نے جمعہ کے روز بتایا کہ مشریخ علاقے میں ایک خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی عصمت دری کی گئی اور بعد میں دونوں شخص نے خاتون کو نذر آتش کر دیا، اس سے قبل باپ بیٹے کی جوڑی نے خاتون کو اپنی گاڑی میں لفٹ دی تھی۔
دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ خاتون کو شدید جھلسنے کی حالت میں ڈسٹرکٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
سیتا پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ آر پی سنگھ نے بتایا کہ جمعرات کو ہوئی واردات کے متعلق ایمرجنسی خدمات 112 پر اطلاع موصول ہوئی کہ نائیمیشرانا کے مشریخ علاقے میں ایک خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر دو افراد نے آبروریزی کے بعد اسے نذر آتش۔
سنگھ نے بتایا کہ خاتون سدھولی کے علاقے میں اپنے آبائی گھر سے مشریخ جارہی تھی اور گھر جاتے ہوئے خاتون نے لفٹ لی تھی۔
ایس پی نے مزید بتایا کہ دونوں ملزموں 55 سالہ شخص اور اس کے بالغ بیٹے کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ اس خاتون کو سیتا پور کے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے تصدیق کی ہے کہ وہ 30 فیصد جھلس گئی ہے لیکن خطرے سے باہر ہے۔
ایس پی نے بتایا کہ اس خاتون کو طبی معائنے کے لئے بھیجا جائے گا اور معاملے کی تفصیلی تفتیش کے لئے پولیس ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔