شمالی ہند کے دیگر اضلاع کے ساتھ ہی ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں بھی سرد لہروں کے ساتھ شدید سردی محسوس کی جا رہی ہے۔
درجہ حرارت میں بھی کافی گراوٹ آ گئی ہے۔ زبردست کہرہ چھا جانے کی وجہ سے دن بھر سورج نظر نہیں آ رہا ہے۔
ہر برس ماہ دسمبر کا آغاز ہوتے ہی موسم سرما کا احساس ہونے لگتا ہے لیکن اس مرتبہ دسمبر کے شروع میں ہی جس طرح سے شدید سردی محسوس کی جا رہی ہے، ایسی سردی گزشتہ برسوں میں شائد ہی کبھی محسوس کی گئی ہو۔
ضلع کے اکثر حصوں میں وقت سے پہلے ہی لوگ گرم ملبوسات میں نظر آنے لگے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی سردیوں کا خاص تحفہ مونگ پھلیاں بھی مختلف مقامات پر بھنتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔
لوگ سردی سے بچنے کے لیے مونگ پھلیوں کا بھی ذائقہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اکثر یہ دیکھا جاتا ہے کہ کسی بھی شروعاتی موسم کا منفی اثر سب سے پہلے چھوٹے بچوں اور عمردراز لوگوں پر زیادہ ہوتا ہے۔
خصوصی طور پر موسم سرما میں اگر کچھ خاص تدابیر اختیار نہ کی جائیں تو اس سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سرد لہروں کے ساتھ جس طرح سے موسم سرما کا آغاز ہو چکا ہے، اس تعلق سے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے رامپور کے معروف ڈاکٹر عقیل احمد سے خاص بات چیت کی۔ انہوں نے ای ٹی وی بھارت سے اپنی بات چیت کے دوران سردی سے بچنے کی کئی اہم تدابیر بتائیں۔