ریاست اتر پردیش کے شہر ایودھیا کے سماجی کارکن محمد شریف، جنہیں لاوارث لاشوں کے وارث کے طور پر جانا جاتا ہے، محمد شریف کو پیر کی شام دہلی میں صدر رام ناتھ کووند نے پدم شری سے نوازا۔ انہیں یہ اعزاز سماجی خدمت کے شعبے میں کام کرنے پر ملا ہے۔
دراصل اس اعزاز کا اعلان 25 جنوری 2020 کو کیا گیا تھا۔ لیکن کورونا کے دور کی وجہ سے اس وقت انعامات کی تقسیم کا پروگرام منعقد نہیں ہوسکا۔ تقریباً ڈیڑھ سال بعد انہیں یہ اعزاز دیا گیا ہے۔ محمد شریف کو پدم شری ایوارڈ ملنے پر ضلع کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
بتادیں کہ محمد شریف ایودھیا میں لاوارث لاشوں کے وارث کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ محمد شریف جو پیشہ سے سائیکل میکانک ہیں۔ وہ ایودھیا کے ضلع ہسپتال میں لاوارث لوگوں کی خدمت کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بیمار و حادثے میں ہلاک ہونے والے لاوارث افراد کی لاشوں کی تدفین کا کام بھی کافی عرصے سے کرتے آرہے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ تقریباً 25 سال قبل محمد شریف کے بیٹے کا سلطان پور میں انتقال ہوگیا تھا۔ ان کے بیٹے کی لاش کو لاوارث سمجھ کر دفن کردیا گیا۔ محمد شریف اپنے بیٹے کی آخری رسومات ادا نہ کرسکے۔ اس واقعہ سے انہیں اتنا دکھ ہوا کہ انہوں نے قسم کھائی کہ آج کے بعد کسی کی لاش لاوارث ہوکر اس دنیا سے نہیں جائے گی۔ تب سے وہ ضلع اسپتال میں موجود ہیں۔
جیسے ہی محمد شریف کو لاوارث لاش کی خبر ملتی ہے، وہ اپنے ٹھیلے کے ساتھ پہنچ جاتے ہیں اور پورے احترام کے ساتھ آخری رسومات ادا کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Padma Awards 2021: صدر جمہوریہ کے ہاتھوں پدم ایوارڈ تقسیم
ویسے محمد شریف کا تعلق مسلم کمیونٹی سے ہے اور وہ شہر کے رکاب گنج علاقے میں واقع تاڑ کی تکیہ قبرستان کے ایک کمرے میں رہتے ہیں۔ لیکن شریف چچا تمام مذاہب کا مکمل احترام کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اگر انہیں اطلاع ملتی ہے کہ کسی شخص کی لاوارث لاش ملی ہے تو وہ میت کی آخری رسومات اسی مذہب کی رسم و رواج کے مطابق ادا کرتے ہیں جس مذہب سے ان کا تعلق ہے۔
محمد شریف اب تک سینکڑوں لاوارث لاشوں کی آخری رسومات ادا کرچکے ہیں۔ جس کی وجہ سے انہیں پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز ملنے پر ان کے اہل خانہ کافی خوش ہیں۔