مرکزی حکومت نے عوام سے لاک ڈاؤن کے دوران گھروں میں رہنے اور سماجی دوری برقرار رکھنے پر سخت زور دیا ہے۔
اس سلسلے میں بھارت میں دیکھا جارہا ہے کہ بعض افراد حکومت کے ذریعہ جاری کردہ ہدایات پر عمل نہیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے عہد صحابہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ' صحابہ اور خلفاء کے زمانے میں بھی طاعون کی بیماریاں پھیلی تھیں۔ حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کا ذکر کرتے ہوئے مولانا موصوف نے بتایا کہ ایک بار حضرت عمر رضی اللہ عنہ ملک شام میں داخل ہوئے ہی تھے کہ انہیں پتہ چلا کہ وہاں طاعون پھیلا ہوا ہے آپ واپس ہونے لگے اسی دوران کسی نے کہا کہ کیا آپ تقدیر الہی سے بھاگ رہے ہیں اس وقت عمر فاروق نے جواب دیا تھا کہ میں تقدیر الہی سے تقدیر الہی کی جانب بھاگ رہا ہوں ۔'
مولانا نصیر احمد سراجی نے بتایا کہ حکومت نے جو احکامات جاری کیے ہیں اس پر عوام کو سختی سے عمل کرنا چاہیے۔ باہمی اختلاط سے پرہیز کرنا چاہیے۔ سماجی دوریوں پر زور دینا چاہیے.
انہوں نے کہا کہ طبی ماہرین نے جن ہدایات پر عمل کرنے کے لیے کہا ہے اس پر سختی سے عمل کیا جائے۔ یہی شریعت کا بھی موقف ہے اور کورونا سے جنگ میں فتح بھی اسی صورت میں ممکن ہے.