بھارت کی جانب سے چین کے متعدد ایپس پر پابندی عائد کرنے کے بعد نوئیڈا میں خالص بھارتی براؤزر کو لانچ کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے 'ووکل فار لوکل' کے نعرے پر عمل کرتے ہوئے ڈی جی گلوبس کے سی ای او دیوانند پانڈے نے وندے بھارت براؤزر کا آغاز کیا۔
اترپردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر کے سیکٹر 29 میں گنگا شاپنگ کمپلیکس کے نوئیڈا میڈیا کلب میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں دیوانند پانڈے نے کہا کہ اس براؤزر کو انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ 15 اگست کو لانچ کیا تھا۔
اس میں اب تک 10 ہزار سے زیادہ افراد شامل ہو چکے ہیں۔ پانڈے نے کہا کہ یہ براؤزر مکمل طور پر بھارتی ہے۔ یہ براؤزر نہ تو کسی کے ڈیٹا کو محفوظ کرتا ہے اور نہ ہی چوری کرتا ہے۔ اس سے صارف کی رازداری برقرار رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسے استعمال کرنے کے بعد اس براؤزر میں تلاش یعنی سرچ ہسٹری خود بخود ختم ہوجاتی ہے۔ یہ صارف کی پرائیویسی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
مسٹر پانڈے نے کہا کہ اس براؤزر میں صارف انکگنیٹو ونڈو کا اسکرین شاٹ بھی لے سکتا ہے۔
مسٹر پانڈے نے بتایا کہ انہوں نے دنیا کے گوگل، یاہو، موزیلا جیسے بین الاقوامی براؤزر کے مقابلے میں یہ خالص دیسی وندے بھارت براؤزر لانچ کیا ہے جو ملک کے صارفین کے لیے محفوظ اور آسان ثابت ہوگا۔