لکھنو: ریاست اترپردیش کے دارالحکومت لکھنو سمیت گورکھپور اور سیفئی میں واقع تینوں اسپورٹس کالجوں میں بچوں کا ابتدائی سلکشن اور ٹرائلس اب بین الاقوامی سطح کے کھلاڑیوں کی نگرانی میں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اسپورٹس کالج میں سلکشن اور ٹرائلس کے لیے پانچ رکنی کمیٹی کی تشکیل دی گئی ہے۔ بین الاقوامی سطح کا کھلاڑی منتخب کمیٹی کا صدر ہو گا۔ اس کے علاوہ بھارتی کھیل اتھارٹی کے کھیل و تربیت کے کوچ، متعلقہ کالج کے پرنسپل اور قومی سطح کے کھلاڑی نیز کالج سے متعلق کھیل و تربیت کے کوچ کو کمیٹی کا رکن بنایا گیا ہے۔
ایڈیشنل چیف سکریٹری اور نوجوان بہبود ڈاکٹر نونیت سہگل نے اس ضمن میں اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ تینوں اسپورٹس کالجوں میں مشترکہ طور پر ابتدائی سلکشن اور ٹرائلس کے توسط سے داخلہ کے بندوبست تھے۔ طلبہ و طالبات کی سہولت کے اس بندوبست میں تبدیل کرتے ہوئے اب تینوں اسپورٹس کالجوں میں الگ الگ ٹرائلس کرائے جائیں گے۔ طلبہ و طالبات جس اسپورٹس کالج میں داخلے کے خواہشمند ہیں ان کو وہیں پر ٹرائلس دینے کا بندوبست کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:۔ Sports Event in Bidar ’ذہنی و جسمانی تندرستی کے لیے کھیل کود ضروری‘
تینوں اسپورٹس کالجوں کے پرنسپل کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے یہاں منعقد ابتدائی سلکشن اور ٹرائلس میں کامیاب طلبہ کو چیف سلکٹیو ٹرائلس کے لئے مدعو کریں گے نیز متعلقہ کھیل کود، یومیہ فیزیکل، اسکل اور مختلف گیمز کے ٹرائلس منعقد کرائے جائیں گے، جس کا نتیجہ متعلقہ کالج اپنی ویب سائٹ پر اپلوڈ کریں گے اور دیگر توسط سے منتخب طلبہ کو مطلع کریں گے۔