ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ذریعہ بلائی گئی آن لائن کابینہ کے اجلاس میں اس نئے قانون کی منظوری دی گئی ہے۔
اس قانون کے تحت صحت سے متعلق کارکنان، تمام پیرامیڈیکل عملہ، پولیس اہلکاروں اور صفائی ملازمین کے ساتھ ساتھ حکومت کے ذریعہ تعینات کسی بھی کورونا واریئرس سے بدتمیزی یا مار پیٹ کرنے پر چھ ماہ سے لے کر سات سال تک کی سزا کا بندوبست کیا گیا ہے۔
اس نئے قانون کے تحت 50 ہزار سے لے کر پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ بھی لگایا جا سکتا ہے۔
وہیں اس قانون کے تحت ڈاکٹرز، پولیس اہلکاروں، صفائی ملازمین اور کسی بھی کورونا واریئرس پر تھوکنے، گندگی پھینکنے اور آئسولیشن وارڈ سے بھاگنے پر بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس کے تحت دو سال سے لے کر پانچ سال تک کی سزا کا بندوبست کیا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ 50 ہزار سے لے کر دو لاکھ روپے تک کا جرمانہ بھی مقرر کیا گیا ہے۔
اس نئے قانون کے تحت کورونا کی وبا کے پیش نظر قرنطین کی خلاف ورزی پر ایک سے تین سال قید اور 10 ہزار سے 1 لاکھ روپے تک کا جرمانہ لگایا جا سکتا ہے۔
وہیں اسپتال سے فرار ہونے والوں کے خلاف ایک سے تین سال کی سزا اور 10 ہزار سے ایک لاکھ روپے جرمانہ ہو سکتا ہے۔