لکھنؤ: اتر پردیش مدرسہ ایجوکیشن بورڈ نے غیر منسلک مدارس کو الحاق دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ کا یہ فیصلہ 2016 کے بعد اس طرح کا پہلا اقدام ہے۔ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر افتخار احمد جاوید نے کہا کہ "گزشتہ سال ایک سروے سے یہ بات سامنے آئی کہ اتر پردیش میں تقریباً 8500 مدارس یو پی مدرسہ بورڈ سے منسلک ہوئے بغیر چل رہے ہیں یہ مدارس اب بورڈ سے الحاق چاہتے ہیں۔
بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ "ان غیر منسلک مدارس کو تسلیم کرنے کا عمل ریاستی حکومت کی منظوری کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا، ہم نے ریاستی حکومت کو تجویز پیش کی ہے، بورڈ سے منسلک ہونے کے لئے دلچسپی رکھنے والوں کو اس کے لیے درخواست دینے کی اجازت دی گئی ہے۔
بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر افتخار احمد جاوید نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف مدارس بلکہ طلباء کو بھی فائدہ پہنچے گا، جو اب بڑے پیمانے پر تسلیم شدہ اتر پردیش مدرسہ ایجوکیشن بورڈ سے ڈگریاں حاصل کریں گے۔
افتخار جاوید نے مزید کہا کہ بورڈ نے مہدوال، سنت کبیر نگر میں واقع مدرسہ دارالعلوم اہلسنت فیض الاسلام کا الحاق منسوخ کر دیا ہے۔ ایک اور اہم فیصلے میں بورڈ نے امتحانات میں ناکام ہونے والے طلبہ کے لیے کمپارٹمنٹ امتحانات متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ "اتر پردیش میں تقریباً 560 سرکاری امداد یافتہ اور 16,500 سے زیادہ حکومت سے وابستہ مدارس ہیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت والی اتر پردیش حکومت ریاست میں مدرسہ کی تعلیم کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے‘‘۔
مزید پڑھیں: مراد آباد: کامل ۔ فاضل سے متعلق حکومت کے فیصلے کا استقبال
انہوں نے کہا کہ"ملحقہ مدارس جو مدرسہ کے پورٹل پر درج نہیں تھے، اب شامل کیے جائیں گے۔ اب بھی 2500 ملحقہ مدارس ہیں جن کے نام اور تفصیلات مدرسہ بورڈ کے پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "مدارس کو منسلک کرنے کی تجویز کی منظوری کے بعد ان مدارس کی معلومات اتر پردیش مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کی ویب سائٹ پر آسانی سے دستیاب ہوں گی"۔