بریلی:ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی میں ایک خاتون پر شادی کے بعد اپنے عاشق سے بات کرنے پر اس کے والد اور بہنوئی کی طرف سے مبینہ طور پر تیزاب پھینکنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاتون کے والد کو اپنی بیٹی کے پیار کے بارے میں معلوم ہوا۔ دونوں ملزمان نے لڑکی کے چہرہ پر تیزاب پھیکنے کے لئے دو دیگر رشتہ داروں کی مدد بھی لی جو اس وقت فرار ہیں۔ یہ معاملہ 25 اپریل کو اس وقت سامنے آیا جب بری طرح سے زخمی خاتون آگرس گاؤں کی طرف جانے والی سڑک کے کنارے جنگل میں پائی گئی۔ پولیس نے خاتون کے بہنوئی اور والد کو قتل کی کوشش کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راج کمار اگروال نے بتایا کہ پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی خاتون کو ہسپتال میں داخل کرایا۔ پولیس ذرائع کے مطابق خاتون کے والد کو جب اپنی بیٹی کی مبینہ محبت کی جانکاری کی اطلاع ملی تو انہوں نے دیگر تین دیگر رشتہ داروں کے ساتھ مل کر بیٹی کے چہرے پر تیزاب پھینک کر قتل کرنے کی کوشش کی۔ پوچھ گچھ پر زخمی خاتون نے اپنی شناخت اور ملزمان کے نام بتائے۔ جس کے بعد پولیس نے اس کے رشتہ داروں سے رابطہ کیا۔
پوچھ گچھ کے دوران پولیس کو اہل خانہ کے بیانات میں تضاد نظر آیا۔ بعد میں پتہ چلا کہ خاتون کے والد اور بہنوئی نے متاثرہ کو بیت الخلاء کی صفائی کے لیے استعمال ہونے والے تیزاب سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ پوچھ گچھ پر معلوم ہوا کہ متاثرہ لڑکی شادی کے بعد اپنے سسرال میں بھی اپنے عاشق سے بات کرتی تھی۔ اس سے خاتون کے سسرال اور اس کے والد مشتعل ہوگئے اور انہوں نے یہ جرم کیا۔
مزید پڑھیں:خاتون پر تیزاب کے ذریعے حملے کی کوشش
پولیس نے ملزم باپ توتارام اور اس کے بہنوئی دنیش کو حراست میں لے لیا ہے۔ فی الحال ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ دیگر دو ملزمین میں سے ایک کی شناخت پریمپال کے طور پر ہوئی ہے جبکہ دوسرے کی شناخت ابھی پوری طرح سے نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس نے ان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔