ریاست اترپردیش کے رامپور کے تھانہ ٹانڈہ پولیس نے اپنے علاقے سے 25 ہزار روپیے کے ہسٹری شیٹر بدمعاش کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے لوٹ اور چوری کا مال بھی بڑی مقدار میں برآمد کیا ہے۔
ایڈیشنل ایس پی اے کے سنگھ نے بتایا کہ ضلع میں پولیس کپتان شگون گوتم گپتا کے ذریعہ جرائم اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف چلائی جا رہی مہم کے تحت گزشتہ روز ایس او جی و تھانہ ٹانڈہ پولیس کی مشترکہ ٹیم نے اطلاع کی بنیاد پر گرام کلیا نگلہ کی طرف سے آ رہے ایک موٹر سائیکل سوار شخص کو روکنے کا اشارہ کیا
پولیس ٹیم کو دیکھ کر وہ شخص موٹر سائیکل کو چک روڈ پر چھوڑ کر بھاگنے لگا.پولیس نے اس کا پیچھا کیا تو اس نے پیچھے مڑ کر جان سے مارنے کی نیت سے طمنچہ نکال کر فائر کیا۔
جواب میں پولیس نے بھی ضرورت کے مطابق طاقت کا استعمال کرتے ہوئے اسے پکڑ لیا جس نے اپنا نام استقار بتایا ہے اور پولیس کپتان کی طرف سے اس پر 25 ہزار روپیے کا انعام مقرر کیا گیا تھا۔
ملزم کے قبضہ اور اس کی نشاندہی پر تھانہ سوار علاقے میں لوٹی گئی پاس بک اور کانوں کی دو سونے کی بالیاں اور تھانہ ٹانڈہ علاقے سے چوری ہوئی اپاچے موٹر سائیکل و پندرہ سو روپے برآمد ہوئے۔
اس کے علاوہ ایک طمنچہ 315 بور، ایک زندہ کارتوس اور ایک کھوکھا کارتوس طمنچہ کی نال میں پھنسا ہوا برآمد ہوا جبکہ ملزم کے تین دیگر ساتھی کو 22 اپریل کو پولیس گرفتار کرکے جیل بھیج چکی ہے۔
ایڈیشنل ایس پی نے یہ بھی بتایا کہ ملزم استقار 27 جنوری کو اپنے ساتھی واصف کے ساتھ مل کر گرام ریکا نگلہ میں ایک موٹر سائیکل سوار کو لوٹا تھا اور اس کی بیوی کے ساتھ ریپ بھی کیا تھا۔