ریاست اترپردیش کے رامپور سے سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنماء اور رکن پارلیمان اعظم خاں عدالت میں غیر حاضر رہنے پر قانونی شکنجے میں پھنستے نظر آ رہے ہیں۔ عدالت کے حکم نامہ کے بعد بھی مسلسل غیر حاضر چل رہے اعظم خان آج بھی کورٹ کے طلب کرنے پر کورٹ میں پیش نہیں ہوئے۔
اس کے بعد عدالت نے ایک مرتبہ پھر 82 کا نوٹس جاری کیا۔ واضح رہے کہ اس پہلے بھی اعظم خان کو تقریباً 3 نوٹس 82 کے تحت جاری ہو چکے ہیں۔ اسی طرح ایک معاملے میں اعظم خاں، ان کے بیٹے عبداللہ اعظم اور اہلیہ ممبر اسمبلی تزئین فاطمہ کے نام سے شہر میں منادی بھی کرائی جا چکی ہے۔
اس سلسلے میں مسلسل عدالت سے غیر حاضر رہنے کی وجہ سے اعظم خاں کے خلاف این بی ڈبلیو وارنٹ اور 82 کی کارروائی کی گئی ہے۔ اب اعظم خاں کو عدالت میں پیش ہونے کے لئے 5 فروری کی تاریخ دی گئی ہے۔ یہ معاملہ اے ڈی جے 6 کورٹ میں چل رہا ہے۔