اترپردیش حکومت نے ربیع مارکیٹنگ سال 2021-22میں کم از کم سہارا قیمت اسکیم کے تحت اب تک 55.34لاکھ میٹرک ٹن گیہوں کی خریداری کر لی ہے، جو کہ ریاست میں اب تک کی ریکارڈ خریداری ہے۔
ریاستی حکومت کی اس اسکیم سے 1265269کاشتکاروں کو مستفید کرتے ہوئے 8960.92کروڑ روپئے کی ادائیگی پی ایف ایم ایس کے توسط سے براہ راست کاشتکاروں کے بینک اکاونٹ میں کرایا گیا۔ گیہوں خریداری 22جون 2021تک جاری رہے گی۔
ریاست کے فوڈ کمشنرمنیش چوہان نے آج یہاں بتایاکہ ریاست میں محکمہ غذا ورسد اور دیگر خرید ایجنسیوں کے توسط سے تقریباً 5678خرید مراکزپر گیہوں خرید کا کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس سے قبل ریاست میں سال 2018-19میں 52.92لاکھ میٹرک ٹن کی خریداری کی گئی تھی۔ سال 2019-20میں 37.04لاکھ میٹرک اور گزشتہ برس 2020-21میں 663810کاشتکاروں سے کل 35.76لاکھ میٹرک ٹن کی خریداری کی گئی تھی۔
ملحوظ ہو کہ اس سال محکمہ غذا نے 14.41لاکھ میٹرک ٹن، پی سی ایف نے 26.25لاکھ میٹرک ٹن، یو پی پی سی یو نے 6.31لاکھ میٹرک ٹن، یو پی ایس ایس نے 4.31لاکھ میٹرک، ایس ایف سی نے 1.11لاکھ میٹرک ٹن، منڈی پریشد نے 1.52لاکھ میٹرک ٹن اور انڈین فوڈ کارپوریشن نے 1.38لاکھ میٹرک ٹن خریداری کی ہے۔