یو پی مدرسہ تعلیمی بورڈ کے سالانہ امتحانات کورونا اور پنچایت انتخابات کی وجہ سے عید بعد ہوں گے۔ یہ اطلاع اتر پردیش مدرسہ تعلیمی بورڈ کے رجسٹرار آر پی سنگھ نے ای ٹی وی بھارت کو دی ہے۔
کورونا وبا کی وجہ سے اس سال اسکول کالج کی طرح مدرسہ میں بھی کلاسز شروع ہونے میں تاخیر ہوئی۔ یہی وجہ ہے کہ امسال مدرسہ تعلیمی بورڈ کے امتحانات فارم بھرنے کی تاریخ کا اعلان بھی دیر سے کیا گیا تھا۔ پہلے 31 جنوری آخری تاریخ تھی، جسے بڑھا کر 10 فروری اس کے بعد 18 فروی اور مدرسہ بورڈ نے کم فارم جمع ہونے پر تیسری بار توسیع کرتے ہوئے '22 فروری' کر دیا تھا۔ اس کے باوجود بھی تقریباً 1 لاکھ 75 ہزار فارم جمع ہوئے ہیں۔
بورڈ کے رجسٹرار آر پی سنگھ نے بتایا کہ کورونا وبا کے چلتے تعلیمی نظام متاثر ہوا ہے۔ اب پنچایت انتخابات یو پی میں چار مرحلوں میں ہوں گے۔ اتر پردیش میں پنچایت انتخابات 15 اپریل سے 29 اپریل تک ہوں گے جبکہ نتائج کا اعلان 2 مئی کو کیا جائے گا۔
مدرسہ بورڈ کی دوسری بڑی پریشانی یہ ہے کہ 13 یا 14 اپریل سے رمضان شروع ہوں گے، ایسے میں پورے ماہ مدارس بند رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مدرسہ بورڈ کے رجسٹرار آر پی سنگھ نے بورڈ کے امتحان عید بعد کرانے کا فیصلہ لیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ رمضان میں مدارس تعطیل کا اعلان کر دیا جائے گا لہذا رمضان المبارک میں امتحان ہونا ممکن نہیں ہے۔ معلوم رہے کہ امسال طلبا کی تعداد گزشتہ برس کے مقابلے کم ہے۔ اس بار تقریباً 1 لاکھ 75 ہزار فارم جمع ہوئے ہیں۔ ایسے میں سبھی طلبا امتحان میں شامل ہوں، یہ ناممکن ہے۔ گزشتہ برس بڑی تعداد میں طلبا نے امتحان چھوڑ دیا تھا۔