ریاست اترپردیش کے ضلع سنبھل میں آج سماج وادی پارٹی کے حامیوں نے حکومت کی جانب سے شراب کی دکانوں کو کھولنے والے فیصلے کی انوکھے انداز میں مخالفت کی۔
اس دوران سمبھل ضلع میں سماج وادی پارٹی کے سیکریٹری ہریہر یادو کی قیادت میں پارٹی کی خواتین حامیوں نے چندوسی میں واقع شراب کی دکان پر شراب خریدنے آئے لوگوں پر پھولوں کی برسات کی۔
وہیں شراب خریدنے کے لئے لائن میں لگے کئی لوگ خواتین کو دیکھ کر خاموشی سے وہاں سے چلے گئے، تو وہیں جن لوگوں پر خواتین پھولوں کی بارش کرکے شرمندہ کرنے کی کوشش کر رہی تھیں، ان لوگوں میں سے کوئی بھی شرمندہ نہیں ہوا، بلکہ ہاتھ جوڑ کر پھولوں کی برسات کر رہی خواتین کا شکریہ ادا کرتے نظر آئے ۔
اس انوکھے احتجاج کے بعد سماج وادی پارٹی کے ضلعی جنرل سکریٹری ہریہر یادو نے کہا کہ 'شراب فروخت کرنے کا حکومت کا فیصلہ غلط ہے ، انہوں نے کہا کہ 'حکومت کے اس فیصلے نے لاک ڈاؤن اور عوامی دوری پر عمل کرنے والے لوگوں کے درمیان مسئلہ پیدا کردیا ہے۔ اس لئے حکومت کو اس فیصلے کو واپس لینا چاہئے۔