نئے سال کے موقع پر بارابنکی کے دیویٰ علاقے میں واقع حاجی وارث علی شاہ کی درگاہ پر چادر پوشی کے لیے ملک بھر سے عقیدت مند پہنچے خاص بات یہ رہی عقیدت مندوں میں زیادہ تعداد برادران وطن کی رہی۔
برسوں سے ان عقیدت مند زائرین کا اعتقاد و اعتماد حاجی وارث علی شاہ پر برقرار ہے اس لیے وہ ہر برس گزشتہ برس کی یادیں یہاں سونپ کر سال نو کو بہتر بنانے کی دعا کرنے یہاں آتے ہیں۔
حاجی وارث علی شاہ کی درگاہ پر تمام مذاہب کے لوگوں کا آنا کچھ نیا نہیں ہے لیکن خاص تہواروں اور خاص مواقع پر یہاں زائرین کا ہجوم امڈ پڑتا ہے اور یہاں مذہب اور فرقوں کی دیواریں گر جاتی ہیں، سب یکجا ہو کر ملک میں امن و امان کے ساتھ رہنے کی دعا کرتے ہیں۔
ملک میں فرقہ واریت کے تمام مسائل بھلے ہی عروج پر ہوں لیکن حاجی وارث علی شاہ کی درگاہ سے آج بھی یکجہتی اور قومیت کا پیغام لوگ حاصل کررہے ہیں۔
حاجی وارث علی شاہ کی درگاہ ملک کی ان وراثتوں میں شامل ہے جہاں سے ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو تقویت ملتی ہے یہی وجہ ہے کہ ملک کا سماجی تانا بانا اس قدر پختہ ہے جس پر کسی کی بھی بری نظر کا اثر نہیں ہوتا۔