ریاست اترپردیش کے رامپور ضلع کی ملک تحصیل میں 22 سالہ نوجوان گیانیندر کو گولی مارکر قتل کرنے والے ملزمین کو پولیس نے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے۔ مقتول گیانیندر کے قتل کے ملزمین گلزاری لال اور دھرم ویر کے قبضے سے آلہ قتل طمنچہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
رامپور شہر سے تقریباً 25 کلومیٹر دور واقع ملک تحصیل کے گاؤں ایمی میں گزشتہ دس جون کی شب 22 سالہ نوجوان گیانیندر جب اپنے گھر کے برآمدے میں سو رہا تھا تو اس وقت کچھ نامعلوم افراد نے اس کو گولی مارکر قتل کر دیا تھا۔ جس کے بعد گیانیندر کے والد راجیش کمار کی تحریر پر تھانہ ملک پولیس نے نامعلوم قاتلوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے معاملے کی تفتیش شروع کردی تھی۔
اس معاملے میں آج پولیس نے گیانیندر کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، پولیس نے کہا ہے کہ گیانیندر کے قتل کی واردات کو انجام دینے والے دو ملزمین کو بلاسپور روڈ فلائی اوور کے پاس سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ملزمین کی شناخت سابق پردھان گلزاری لال ولد گنگا رام ساکن ایمی گاؤں ضلع رامپور اور دھرم ویر ولد ڈالچند گاؤں ایمی ضلع رامپور کے طور پر ہوئی ہے۔
گلزاری لال کی نشاندھی پر قتل میں استعمال کیا جانے والا آلہ قتل ایک عدد طمنچہ 315 بور مع ایک کھوکھا اور 315 بور کارتوس نال میں پھنسا ہوا برآمد ہوا۔
تفتیش کے دوران گرفتار ملزم گلزاری لال نے بتایا کہ مقتول گیانیندر کے والد راجیش کمار سے میرا کافی برسوں سے پیسوں کا لین دین ہے، تقریباً 4 برس قبل میں نے راجیش سے اپنی کاشتکاری کے لیے 85 ہزار روپے قرض لیے تھے۔ میں نے راجیش کمار کو تقریباً 95 ہزار روپے واپس کر دئے تھے۔ اس کے بعد بھی راجیش کمار سے گیانیندر کے قتل سے پہلے اپنی لڑکی کی شادی کا حوالہ دیکر 92 ہزار روپے باقی کے نکلنے بتاتے ہوئے واپس دینے کا تقاضہ کیا۔
میں نے راجیش کمار کو کافی سمجھایا لیکن راجیش کمار کے بیٹے مقتول گیانیندر نے قتل سے تقریباً 15-20 دن قبل فون کرکے قرض کے نکل رہے 92 ہزار روپے مانگے اور برا بھلا کہتے ہوئے 15 جون تک ہر حالت میں پیسے واپس لوٹانے کو کہا اور قتل سے چار روز قبل مقتول گیانیندر نے مجھے راستہ میں اپنے گھر کے سامنے روک کر میری بے عزتی بھی کی تھی۔
اس نے کہا کہ میں گاؤں کا سابق پردھان بھی رہا ہوں، میرا بھتیجا دھرم ویر مقتول گیانیندر کا بچپن کا دوست ہے اور اس کے ساتھ رہتا تھا۔
ملزم گلزاری لال نے پوچھ گچھ کے دوران کہا کہ میں نے دھرم ویر سے بات کرکے گیانیندر کو راستہ سے ہٹانے کا منصوبہ بنانا شروع کر دیا۔ 9 جون کی شب کو قریب 01:15 بجے کے وقت دھرم ویر نے مجھ سے ملکر بتایا کہ موقع اچھا ہے، گیانیندر اپنی بیٹھک کے برآمدے میں چارپائی پر اکیلے لیٹ کر موبائل دیکھ رہا ہے، اس نے کہا کہ تبھی میں نے گیانیندر کو گولی مارکر قتل کردیا۔
بہرحال پولیس نے ملزمین کے خلاف مقدمہ 216/2006 دفعہ 132 (3) ، 216(اے)/2006 دفعہ 147، 148، 149، 307، اور 07 سی ایل اے ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ہے۔