تفصیلات کے مطابق سھارنپور علاقہ کے قصبہ بہٹ میں گزشتہ 10 روز قبل صرّاف ( سونے کے تاجر ) کی دکان میں ایک چوری کی واردات پیش آئی تھی، بتایا جارہا ہے کہ قصبہ بہٹ کے محلہ کھالسہ ( خالصہ ) میں واقع ایک صراف کی دکان میں بدمعاشوں نے دکان کا شٹر اور الماری کے تالے توڑ کر نقدی سمیت تقریباً دس لاکھ روپیے کے زیورات چوری کر لیے تھے، موقع واردات سے تھوڑی دوری پر آم کے باغ میں خالی ڈبے اور کچھ زیورات برآمد بھی ہوۓ تھے، جس کے بعد اطلاع ملنے پر ایس پی دیہات سھارنپور موقع پر پہنچے اور پولیس ٹیمیں تشکیل دے کر تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی تھی۔
جس کے بعد ٹیمیں تفتیش کے کاموں میں مصروف ہوگئی تھیں۔ ایس پی دیہات سھارنپور اتل شرما نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے صراف کی دکان میں چوری کرنے والے 3 ملزمین کو گرفتار کر نے میں کامیابی حاصل کرلی ھے۔ انہوں نے بتایا کہ تھانہ بہٹ کوتوالی پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ بدمعاش ایک باغ میں زیورات کی تقسیم کررہے ہیں، اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا، بدمعاشوں کے قبضہ سے صراف کی دکان سے چوری کیے گئے زیورات بھی برآمد ہوۓ ہیں۔
انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مزید بتایا کہ گرفتار کیے گئے بدمعاشوں کے خلاف کوتوالی بہٹ، مرزاپور، کوتوالی سھارنپور، اور کوتوالی تھانہ منڈی میں ایک درجن سے زائد مقدمات درج ہیں، پولیس نے ملزمین پر مختلف قسم کی دفعات کے تحت کیس درج کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ھے۔