علی گڑھ: ریاست اتر پردیش کے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کیمپس کے اندر اور باہر دیگر علاقوں میں آوارہ کتوں کا حملہ جاری ہے۔ کچھ روز قبل ہی اے ایم یو کیمپس میں صبح نماز فجر کے بعد تقریبا 65 سالہ ریٹائرڈ ڈاکٹر سفدر علی کو آوارہ کتوں نے حملہ کرکے ہلاک کر دیا تھا اور اب آوارہ کتے نے تین ماہ کی گھر میں سوئی ہوئی معصوم بچی کو نوچ نوچ کر ہلاک کردیا ہے۔
دراصل شادی کی تقریب کا پروگرام چل رہا تھا۔ گھر والے لڑکی کی شادی میں مصروف تھے کہ اسی دوران صبح کتا گھر میں گھس گیا اور سوئی ہوئی تین ماہ کی معصوم بچی کو گھر کے قریب جھاڑیوں میں لے گیا، جہاں آوارہ کتے نے اسے مار ڈالا۔ یہ پورا معاملہ تھانہ قرسی کے علاقے سورنا جینتی نگر کا ہے جہاں گھر کے ایک کمرے میں اپنے رشتہ داروں کے بچوں کے ساتھ سو رہی تین ماہ کی بچی کو آوارہ کتا اٹھا کر لے گئے اور نوچ نوچ کر مار ڈالا۔
وہیں پڑوسیوں نے بچی کے گھر والوں کو اطلاع دی، تب تک آوارہ کتے نے بچی کو مار ڈالا تھا۔ اس دردناک واقعہ سے آس پاس کے لوگوں میں ڈر اور خوف کا ماحول ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے پہنچ کر لڑکی کی لاش کا پنچنامہ بھر کر لواحقین کے حوالے کر دیا، اس افسوسناک واقعے کے بعد اہل خانہ کا برا حال ہے۔ نوزائیدہ بچی کے والد پون نے معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ جیسے ہی مجھے اطلاع ملی کہ میری بچی کو آوارہ کتا اٹھا کر لے گیا تو میں فوراً اس کے پیچھے بھاگا اور میں نے کتے کو بھگانے کی کوشش کی لیکن بہت دیر ہو چکی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ میری بچی کو آوارہ کتے نے مار ڈالا۔ یہ واقعہ صبح تقریبا 5 بجے کا ہے۔ میرے جڑواں بچے تھے، جس میں ایک کو آوارہ کتے نے مار ڈالا اور ایک ہمارے ساتھ ہے۔
وہیں چشمدید پڑوسی کثوم لتا نے ہی بچی کے والدین کو اطلاع دی تھی اور آوارہ کتے کو پتھر بھی مارا تاکہ کتا بچی کو چھوڑ دے، کثوم لتا نے بتایا دو کتے تھے، صبح تقریبا پانچ بجے کا واقعہ ہے، میں نے شور بھی مچایا لیکن جب تک والدین بچی کو بچانے پہنچتے جب تک دیر ہو چکی تھی۔ واضع رہے کہ اے ایم یو میں آوارہ کتوں کے حملے مسلسل ہو رہے ہیں۔ گزشتہ دیر رات رسرچ اسکالر خالد حسن پر چھ سے زائد کتوں نے حملہ کرکے شدید زخمی کر دیا۔ طالب علم کے جسم پر پنجوں اور دانتوں کے نشانات ہیں۔ کتے کے حملے میں زخمی طالب علم میڈیکل کالج میں زیر علاج ہے۔ واقعہ اے ایم یو کیمپس کے ایم ایم ہال کے پاس کا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Six Injured in Stray Dog Attack: بڈگام میں آوارہ کتے کے حملے میں چھ افراد زخمی