ماہ رمضان کا دوسرا عشرہ بھی آہستہ آہستہ مکمل ہونے کو ہے اور تیسرے عشرے کا آغاز بھی قریب ہے۔ اعتکاف تیسرے عشرے کا اہم رکن ہے۔ اعتکاف کیا ہے؟ اس کی اہمیت کیا ہے اور اس کی کیا فضیلتیں ہیں؟ ان تمام موضوعات پر ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے بارہ بنکی ضلع کے سترکھ قصبہ میں واقع مدرسہ جامعہ نور الہدیٰ کے مہتمم مفتی محمد ارقم قاسمی سے خاص گفتگو کی۔ Special Talk with Mufti Muhammad Arqam Qasmi
مفتی محمد ارقم اعتکاف کی فضیلت اور اس کی اہمیت کے سوال پر بتاتے ہیں کہ 'اعتکاف کے ذریعہ خدا نے بڑی نعمت اپنے بندوں کو عطا فرمائی ہے۔ انہوں نے کہا 'اعتکاف کرنے والا شخص اپنی بستی کے لیے کفارے کا ذریعہ ہوتا ہے۔ اگر کسی بھی مسجد میں کسی نے اعتکاف نہیں کیا تو پوری بستی پر اللہ کے عذاب کا خطرہ رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'رمضان المبارک جیسے مقدس ماہ میں اعتکاف پر بیٹھنے والے کو دو مکمل حج اور دو مکمل عمروں کا ثواب ملتا ہے۔'
کون لوگ کس طرح سے اعتکاف کر سکتے ہیں، اس سوال پر انہوں نے بتایا کہ 'یہ کہیں کہیں واجب ہے تو کہیں کہیں سنت و نفل بھی ہے۔ اعتکاف واجب تب ہوتا ہے جب ہم کوئی منت کر لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'سنت اعتکاف وہ ہے جو رمضان المبارک کے آخری عشرے میں کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا جو سنت کا اعتکاف ہے یہ بہت ضروری ہے۔ اس کے لیے مسجد کی تمام جماعتوں کو بیدار رہنا چاہیے۔ خواتین اپنے گھر پر اعتکاف کر سکتی ہیں۔ Three Types of Itikaf
یہ بھی پڑھیں: رمضان المبارک کے تیسرے عشرے اور اعتکاف سے متعلق علمائے دین سے خاص بات چیت
اعتکاف کی مدت کیا ہے اور اسے کیسے شروع کرنا ہے، کے سوال پر مفتی محمد ارقم نے بتایا کہ 'جیسے ہی رمضان کا 20واں روزہ ہوگا اس کی عصر نماز سے اعتکاف کی نیت سے مسجد میں داخل ہونا ہے اور عید کے چاند کی تصدیق شدہ خبر کے بعد اعتکاف کو ختم کرنا ہے۔ اعتکاف کرنے والوں کو کن باتوں کا خیال رکھنا ہے، مفتی محمد ارقم بتاتے ہیں کہ اس کے لیے ضروری ہے کہ کم بولیں، کم کھائیں، کم سوئیں، زیادہ سے زیادہ عبادت کریں۔'