کانپور کے گھاٹم پور علاقے میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمے کو دیر رات کسی سر پسند عناصر نے نقصان پہنچایا جس سے دلت سماج میں زبردست غصہ بھڑک اٹھا۔ ناراض عوام نے سڑکوں کو جام کر دیا جس کے بعد پولیس نے بڑی مشکل سے حالات کو قابو کیا اور شرپسندوں کو گرفتار کرنے کا یقین دلایا۔
کانپور کے گھا ٹم پور علاقے میں عمران پورگاؤں میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمے کو دیر رات کسی نامعلوم سر پسند عناصر نے نقصان پہنچا دیا۔ جب دن میں گاؤں کے لوگوں نے مجسمہ کو ٹوٹا ہوا دیکھا تو عوام میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی جس کے بعد یہ خبر دھیرے دھیرے چنگاری کی طرح آس پاس کے علاقوں میں پھیل گئی۔
ناراض عوام نے جی ٹی روڈ کو جام کر دیا اور شرپسند عناصر کو گرفتار کرنے کی مانگ کرنے لگے۔ پولیس کو جب اس کی اطلاع ملی تو بھاری تعداد میں پولیس نے موقع پر پہنچ کر عوام کو سمجھایا اور نقصان پہنچے مجسمہ کو فوراً ٹھیک کرایا۔ پولیس نے یہ یقین بھی دلایا کی جلد ہی سر پسند عناصر کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
کانپور میں اس سے پہلے بھی کئی بار الگ الگ مقامات پر امبیڈکر مجسمہ کو نقصان پہنچا کر حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی جا چکی ہے لیکن پولیس نے ہر بار اپنی مستعدی دکھاتے ہوئے حالات کو قابو کر لیا۔ اس بار بھی پولیس نے اپنی مستعدی اور حکمت عملی سے حالات کو تباہی سے بچا لیا۔