پرتاپ گڑھ: اترپردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ کے لیلا پورہ علاقے میں پیر کی دوپہر ہوئے ایک خوفناک سڑک حادثے میں 12 افراد کی موت ہوگئی جب کہ دیگر تین شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سڑک حادثے میں ہوئے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور مغموم خاندانوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کو حادثے میں زخمی افراد کی مکمل علاج کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلی نے اس حادثے کے مہلوکین کے اہل خانہ کو 2۔2 لاکھ روپے اور شدید طور سے زخمی افراد کو 50۔50 ہزار روپے مالی معاونت کی طور پر دینے کا اعلان کیا ہے۔
اڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس روہت مشر نے بتایا کہ لکھنؤ۔وارانسی نیشنل ہائی وے پر وکرم پور چوراہے کے نزدیک دوپہر تقریبا تین بجے گیس سے بھرے ٹینکر نے مخالف سمت سے آرہے ایک آٹو رکشا کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں آٹو رکشا میں سوار 09 افراد کی موت ہوگئی جب کہ زخمیوں کو ضلع اسپتال لے جاتے وقت راستے میں تین لوگوں نے دم توڑ دیا، جس کے بعد مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 12 ہوگئی۔
مزید پڑھیں: MP Road Accident مدھیہ پردیش میں دردناک سڑک حادثہ، بارہ افراد ہلاک، معتدد زخمی
اس حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد میں اب تک پانچ کی شناخت کی جاچکی ہے۔ مرنے والوں میں ہرکیش شریواستو (63) باشندہ دھنساری، ستیش (26)، شیتلا (40)، محمد رئیس (45) اور گلشن بیگم کے طور پر کی گئی ہے۔ دیگر کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ حادثے کے بعد راحت رسانی کام جنگی پیمانے پر چلایا گیا۔ اس درمیان ہائی وے پر جام کے حالات بنے رہے۔
یواین آئی