اطلاعات کے مطابق غازی آباد کے ایس ایس پی سدھیر کمار سنگھ نے چوروں سے برآمد کی گئی رقم میں خرد برد کرنے کے الزام میں ایس ایچ او لکشمی چوہان سمیت سات پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد اور تفتیش کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ لنک روڈ کی ایس ایچ او لکشمی نے برآمد کیے گئے پیسوں کے ساتھ خرد برد کیا ہے۔
پولیس سے ملی اطلاع کے مطابق سی سی ٹی وی میں سرکاری گاڑی میں سے لکشمی چوہان کو روپیوں کا بیگ نکال کر ایک پرائیویٹ آئی ٹونٹی گاڑی میں رکھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق چند مہینے قبل ہوئی اے ٹی ایم چوری معاملے میں ایس ایچ او لکشمی چوہان نے چوروں سے تقریبا 60لاکھ روپے برآمد کیے تھے۔
ایس ایس پی غازی آباد سدھیر کمار سنگھ نے رقم نہ ملنے پر اس معاملے کی تفتیش کرائی جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ ایس ایچ او سمیت سات پولیس اہلکار پیسوں کی ہیرا پھیری کرنے میں شامل تھے۔
سدھیر کمار سنگھ نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ لکشمی چوہان کے علاوہ داروغہ نوین کمار پچوری، کانسٹیبل بچو سنگھ، فراز، دھیرج بھاردواج، سچن کمار اورسوربھ کمار کے مشکوک کردار اور مقامی پولیس کی شبیہ خراب کرنے کی پاداش میں فوری طور معطل کرنے کا حکم جاری کردیا اور ان تمام کے خلاف اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم بھی صادر کیا گیا ہے۔