ریاست اتر پردیش کے جونپور میں گورا بادشاہ پور کے بازار میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے ایک اہم میٹنگ صدر اسمبلی حلقہ راجندر پرساد کی صدارت میں منعقد کی گئی جس کی نظامت ضلعی جنرل سکریٹری شاہ نیاز احمد نے کی۔
اس میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر عمران بنٹی نے کہا کہ ضلع میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کا گراف تیزی سے بڑھ رہا ہے تمام مذاہب کے لوگ پارٹی کی رکنیت اختیار کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو روکنے میں سماج وادی و کانگریس پارٹی ناکام ثابت ہو چکی ہیں اب عوام عہد حصہ داری مورچہ پر اعتماد کا اظہار کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی نے ریاست کی اقلیتوں کے ساتھ غداری کی ہے جو پارٹی اپنے سینئر رہنما اعظم خان کے ساتھ کھڑی نہیں ہوسکی تو وہ عام مسلمانوں کے لیے کیسے فائدہ مند ہوسکتی ہے۔
دریں اثناء سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما ارشاد صدیقی نے اپنے حامیوں کے ساتھ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین پارٹی کی رکنیت اختیار کی۔
اس موقع پر سوشل میڈیا انچارج گلشاد خان، ملہنی یوتھ صدر شفیق احمد، جلیس انصاری، شہر صدر شہزادے انصاری، ریاض احمد، ذوالفقار، طارق خان، ثاقب، فرحان وغیرہ موجود رہے۔