پریاگ راج: شہ زور لیڈر و سابق ایم اپی عتیق احمد کے وکیل وجئے مشرا کوپولیس نے امیش پال قتل معاملے میں لکھنؤ سے گرفتار کیا ہے۔ پریاگ راج کے ڈی سی پی دیپک بھوکر نے اتوار کو بتایا کہ دھومن گنج پولیس کے ذریعہ امیش پال قتل میں مطلوب ملزم وکیل وجئے مشرا کی گرفتاری لکھنؤ سے کی گئی ہے۔ وجئے مشرا پولیس کی سخت سیکورٹی کے درمیان پریاگ راج عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امیش پال قتل میں302 اور دیگر تعزیرات کی متعلقہ دفعات سمیت ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کی بھی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: NPE 2020 اے ایم یو میں ’اکھل بھارتیہ شکشا سماگم‘ کی لائیو اسٹریمنگ
قابل ذکر ہے کہ عتیق کے وکیل خان صولت حنیف نے پوچھ گچھ میں امیش پال قتل میں وکیل وجئے مشرا کا نام لیا تھا۔ خان صولت حنیف جیل میں بند ہے۔ اس نے ہی امیش پال کی کچہری سے لوکیشن شیئر کی تھی۔ صولت نے الزام لگایا تھا کہ قتل والے دن امیش کی کچہری سے نکلنے کی اطلاع اس کے سامنے وجئے نے اشرف اور اسد کو اپنے فون سے انٹرنیٹ کال کے ذریعہ دی تھی۔ جس کے بعد 24فروری کو امیش پال کا قتل کردیا گیا تھا۔ امیش پال قتل واردات کے عالوہ اترسوئیا تھانے میں پلائی ووڈ کاروباری محمد سعید نے وجئے مشرا پر 20اپریل کو تین کروڑ کی رنگداری مانگنے کا الزام لگایا تھا۔
یو این آئی