انہوں نے بتایا کہ مرہچی قصبہ کے تکیا محلہ میں لالا رام کی بیوی پچاس سالہ منی دیوی کے نام سے پٹاخہ بنانے کا لائسنس تھا جو اس سال مارچ میں ختم ہوگیا تھا۔ اس نے اپنے مکان میں پٹاخہ کا ذخیرہ کرکے رکھا ہوا تھا۔ تقریبا ساڑھے گیارہ بجے اچانک مکان میں دھماکہ ہوگیا اور تین منزلہ مکان بیٹھ گیا۔ واقعہ کے وقت وہاں کئی لوگ موجود تھے۔
انہوں نے اس حادثہ میں پچاس سالہ منی دیوی کے علاوہ چندر پال کی 16 سالہ بیٹی شیتل، چھوٹے لال کی آٹھ سالہ بیٹی انجلی، انیش کی سات سالہ بیٹی خوش، چھوٹے لال کی 12سال کی بیٹی رادھا اور گیارہ سال کی انجلی کی ملبہ میں دب جانے سے موت ہوگئی جبکہ پوجا، مادھوری، رجنی، مینا دیوی، رضوان، نوتن اور بھگوتی زخمی ہوگئیں۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس اور انتظامیہ کی ٹیم نے تقریباً تین گھنٹہ کی مشقت کے بعد ان آٹھ زخمیوں کو ملبہ میں سے نکالا جن میں سے پانچ کی حالت نازک ہے۔ بری طرح سے زخمی پانچ زخمیوں کو سیفئی میڈیکل کالج ریفر کیا گیا ہے جبکہ تین کا علاج ایٹہ ضلع اسپتال میں چل رہا ہے۔