سنبھل: ریاست اترپردیش کے عازمین حج کو میڈیکل اسکیننگ اور سرٹیفیکٹ اسٹیٹ حج کمیٹی میں اپریل کے پہلے ہفتے تک جمع کرانا ہے۔ لیکن ضلع سنبھل کے عازمین سرٹیفیکٹ کے مسلسل سرکاری ہسپتال کے چکر لگارہے ہیں لیکن وہاں ان کی کوئی سنوائی نہیں ہورہی ہے۔ الزام ہے کہ عازمین حج کی اسکریننگ و سرٹیفیکٹ سے متعلق ہسپتال کے ملازمین لاعلمی کا اظہار کررہے ہیں۔ ہسپتال میں عازمین کی کسی طرح کی کوئی بھی مدد نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ ضلع سنبھل کے عازمین کافی پریشان ہیں۔ اتر پردیش حج کمیٹی کی جانب سے سنہ 2023 کے لیے منتخب عازمین حج کے لیے طبی معائنہ، اسکیننگ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کیمپ لگانے کی ہدایات دی گئی تھیں، اس کے باوجود ضلع میں ایک بھی فٹنس سرٹیفکیٹ کیمپ نہیں قائم کیا گیا ہے۔
میڈیا کو جانکاری دیتے ہوئے سنبھل ضلع ہسپتال پہنچے ایک عازم حج نے بتایا کہ صبح سے وہ اپنا فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے یہاں کے چکر لگا رہے ہیں، لیکن وہاں کوئی بھی صحیح جانکاری نہیں دے رہا ہے۔ فٹنس سرٹیفکیٹ ابھی تک نہیں بنے ہیں، وہیں فٹنس سرٹیفکیٹ جمع کرانے کا وقت بھی بہت کم ہے۔ ایڈوکیٹ عاصم اختر نے بتایا کہ انہوں نے اس معاملے کے بارے میں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور اتر پردیش حج کمیٹی کو ٹوئٹ کے ذریعے آگاہ کر دیا ہے تاکہ عازمین حج کی تمام پریشانیوں کو جلد از جلد حل کیا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: Haj 2023 رواں برس حج سے متعلق سرگرمیاں کیش لیس ہونگی، عازمین کیلئے فورین ٹریول کارڈ کی سہولت