ریاست اترپردیش کے مرادآباد حلقہ اسمبلی ٹھاکر دوارا سے سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی نواب جان خاں نے پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ مل کر ڈی ایم راکیش کمار کے ذریعہ صدر جمہوریہ کو ایک میمورنڈم بھیجا۔
اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ملک بھر میں تین زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا احتجاج جاری ہے۔ سماج وادی پارٹی کسانوں کے ساتھ ہے۔ سماج وادی پارٹی کے کارکنوں اور رہنماؤں نے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں تانا شاہی حکومت چل رہی ہے۔ حکومت مسلسل نئے نئے قوانین منظور کرتے ہوئے امبانی اور اڈانی کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے آمرانہ رویہ اختیار کیا ہے مگراس کا انجام افسوسناک ہوگا کیونکہ ماضی میں اندرا گاندھی حکومت نے اسی طرح کا رویہ اختیار کیا تھا مگر عوام نے اس حکومت کو گرادیا۔
حکومت کسانوں کو صنعتکاروں کا غلام بنانا چاہتی ہے۔ کاشتکاروں کے خلاف بنائے گئے تین زرعی قوانین کو جب تک حکومت واپس نہیں لیتی ہے تب تک سماج وادی پارٹی کاشتکاروں کی حمایت میں سڑکوں پر اتر کر ان کی حمایت کرتی رہے گی۔