سماج وادی پارٹی کے ترجمان راگھویندر دوبے نے کہا کہ اب اترپردیش میں بھی صحافی محفوظ نہیں ہیں۔ جمہوریت کے چوتھے ستون پر مستقل حملے ہو رہے ہیں۔ اس سے قبل غازی آباد میں ایک صحافی کا قتل ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورے اترپردیش میں لاقانونیت کی بالادستی ہے۔ قتل، ڈکیتی، عصمت دری کا دور دورہ ہے۔ یوگی حکومت میں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔ وہ شرپسند جنہیں جیل کے اندر رہنا چاہئے وہ سڑکوں پر گھوم رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ صحافی رتن سنگھ کے قتل میں ملوث تمام شرپسندوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اہل خانہ کو ایک کروڑ روپیہ امدادی رقم دی جائے، کنبہ میں کسی ایک کو سرکاری نوکری دی جائے اور حکومت کنبہ کی دیکھ بھال کی ذمہ داری قبول کرے۔
انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں صحافیوں کے تحفظ کے قانون کو سختی سے نافذ کیا جائے۔ سماجوادی پارٹی غم کی اس گھڑی میں کنبہ کے ساتھ کھڑی ہے۔
اس موقع پر ایس پی قائدین ارجن پرجاپتی، پون کمار، فیضان سیفی، سون پال، دھرو کمار، منی لال، مہاویر پال، ناردیپ چودھری، کوشل بگھیل وغیرہ موجود تھے۔