ریاست اترپردیش کے ضلع سہارنپور سے رکن پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمٰن نے جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں عسکریت پسندوں کے حملہ میں جاں بحق ہونے والے صغیر احمد کے لواحقین کو انتظامیہ کی جانب سے مالی امداد پہنچانے کے لئے آج شہر کے معززین کے ہمراہ ضلع کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی۔
رکن پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمٰن کی قیادت میں حلقہ کے رکن اسمبلی سنجے گرگ، کونسلر منصور بدر، کونسلر رئیس احمد صدیقی، بی ایس پی لیڈر ریحان خان، عاقل فاروق ایڈوکیٹ، محمد نعیم اور ہلاک شدہ صغیر احمد کے اہل خانہ کے ساتھ اعلیٰ افسران سے ملاقات کی اور رئیس احمد کے خاندان کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں جموں وکشمیر کے پلوامہ میں سہارنپور کے صغیر احمد کو عسکریت پسندوں نے گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔
ہلاک شدہ صغیر کو پانچ بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ یہ خاندان معاشی طور پر غیر مستحکم ہے۔ اس لئے مذکورہ خاندان کو معقول معاوضہ دیا جائے۔ اس سلسلہ میں حاجی فضل الرحمٰن نے متعلقہ افسر کو ایک مکتوب بھی سونپا۔