ریاست اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی میں آر ایس ایس کی کسان تنظیم بھارتی کسان سنگھ نے کسان کے مسائل کے حوالے سے احتجاج کیا۔ بارہ بنکی میں بھارتی کسان سنگھ کے ضلع صدر ہری پرساد ورما کی قیادت میں کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
بھارتی کسان سنگھ کا ماننا ہے کہ کسانوں کو ان کی فصل کی مناسب قیمت نہیں مل رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارتی کسان سنگھ کسانوں کے احتجاج کی حمایت نہیں کررہی ہے، لیکن کسانوں کے دکھ درد میں وہ شریک ہیں، وہ مرکزی زرعی قوانین کو واپس لینے کی حمایت نہیں کرتے لیکن قانون میں ترمیم کرنے کے حامی ہیں۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ بھارتی کسان سنگھ کا بھی یہ ماننا ہے کہ زرعی قوانین بنانے میں مرکزی حکومت نے غلطی کی ہے۔
مزید پڑھیں:بی جے پی نے پانچ ریاستوں کے لیے الیکشن انچارج مقرر کیے
بارہ بنکی میں بھارتی کسان سنگھ کے صدر ہری پرساد ورما کا کہنا ہے کہ کسانوں کو ان کی فصل کی مناسب قیمت نہیں مل رہی ہے۔ فصلوں کی ایم ایس پی تو طے ہے، لیکن کسان ایم ایس پی سے کافی کم قیمتوں پر اپنی فصل کو فروخت کرنے پر مجبور ہے۔ مہنگائی نے کسانوں کی حالت بد سے بدتر کردی ہے۔
ان کا مطالبہ ہے کہ کسانوں کو ایم ایس پی کی قیمت پر فصل فروخت ہونے کی گارنٹی ملنی چاہئے۔
کسانوں کے احتجاج کی حمایت کے سوال پر ہری پرساد ورما نے کہا کہ وہ کسانوں کے احتجاج کی حمایت تو نہیں کرتے لیکن وہ ان کی پریشانیوں میں شریک ہیں۔ انہوں نے مانا کی زرعی قوانین لانے میں مرکزی حکومت نے غلطی کی ہے، لیکن وہ اسے واپس لینے کے حامی نہیں ہیں، ہاں وہ اس قانون میں ترمیم کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔