اترپردیش حکومت کی جانب سے اترپردیش ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو ریاست میں بسوں کے چلانے کی اجازت دینے کے بعد ضلع مظفر نگر میں روڈ ویز بسوں کی خدمات بحال کر دی گئی ہیں۔
کورونا وائرس کے پیش نظر ملک گیر نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک میں سبھی طرح کی خدمات پر پابندی عائد کر دی گئی تھیں تاکہ عوام کو کورونا وائرس سے بچایا جا سکے۔
ملک میں جب سے کورونا وائرس نے دستک دی ہے تب سے لے کر اور لاک ڈاؤن کے چوتھے مرحلے تک مرکزی اور ریاستی حکومت نے بسوں کے چلانے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ لیکن لاک ڈاؤن کے چوتھے مرحلے کے خاتمے کے بعد اور لاک ڈاؤن کے پانچویں مرحلے کے شروعات میں ہی حکومت نے اترپردیش روڈ ویز بسوں کو ریاست کے اندر ہی چلانے کی اجازت دے دی ہے۔
اترپردیش حکومت کی جانب سے اترپردیش ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو حکم دیا گیا ہے کہ بسوں کو ریاست کے اندر ہی چلایا جائے اور ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ سماجی فاصلے کا بھی پورا خیال رکھا جائے۔
اس دوران مظفر نگر روڈ ویز اسٹیشن کے انچارج راجکمار تومر نے روڈ ویز بسوں کے چلنے سے متعلق مزید معلومات دی۔ اُنہوں نے بتایا کہ اپنے صدر دفاتر کی رہنما خطوط موصول ہونے کے بعد ہم نے آج صبح 8 بجے سے ہی روڈ ویز بسوں کو چلانے کی سروس شروع کر دی ہے۔آج 50 سے زائد بسیں ڈپو سے چلائی گئی ہیں۔ مسافر کم ہونے کی وجہ سے ان بسوں کے چلنے کی تعداد کم رہی۔ ہمارے بس ڈپو پر 204 بسوں کا بیڑا ہے۔ سبھی بسیں تیار ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ مسافروں کے بسوں میں بیٹھنے سے پہلے ان کی تھرمل اسکریننگ کی جا رہی ہے۔ مسافروں کو ماسک اور سماجی فاصلے کے ساتھ بسوں میں بٹھایا جا رہا ہے۔ بسوں کے کام کے وقت روڈ ویز بس اسٹینڈ پر مکمل فاصلے کا خیال رکھا جا رہا ہے اور اس کے ساتھ ہی اس شخص کا نام، پتہ اور موبائل نمبر بھی لکھا جاتا ہے جو بسوں سے سفر کریں گے تاکہ مزید کوئی پریشانی نہ ہو۔ اُنہوں نے بتایا کہ کرایہ میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے بلکہ جو کرایہ پہلے تھا اب بھی وہی ہے۔