معروف درگاہ حضرت حافظ شاہ جمال اللہ کے سجادہ نشین اور تنظیم اتحاد ملت کے صدر فرحت احمد خان جمالی کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں درگاہ حافظ شاہ جمال اللہ کے احاطہ میں سپردخاک کیا گیا۔
فرحت احمد خان جمالی کا 5 اگست کو اچانک طبیعت بگڑنے پر انتقال ہو گیا تھا۔ ان کے انتقال کی خبر سے ہر آنکھ نم تھی۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے نماز جنازہ میں نہ صرف رامپور بلکہ قرب و جوار کے باشندوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور فرحت احمد جمالی کے لیے دعائے مغفرت کی۔
تنظیم اتحاد ملت کے سکریٹری نعمان خان غازی نے فرحت احمد جمالی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب کے ساتھ ان کا کافی پرانا تعلق رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:رکشا بندھن پر خواتین کو کارپوریشن بسوں میں مفت سفر کرنے کی ہدایت
وہیں، عامر میاں ایڈووکیٹ نے اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فرحت جمالی کو انہوں نے ہمیشہ قوم و ملت کی بقا کے لیے جدوجہد کرتے دیکھا۔ اچانک ان کے انتقال سے وہ کافی صدمہ میں ہیں۔
دریں اثنا سجادہ نشین فرحت احمد خان جمالی کے انتقال کے بعد ان کے جاں نشین فرزند فہد احمد جمالی کی دستار بندی کرکے درگاہ حافظ شاہ جمال اللہ کا سجادہ نشین مقرر کیا گیا۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مزار بھینسوڑی شریف کے سجادہ نشین فرحت میاں نے کہا کہ فرحت احمد جمالی نے قوم و ملت کی بقا کے لیے جو جدوجہد شروع کی تھی، ان کے جانشین فہد احمد جمالی اس مشن کو آگے لیکر بڑھیں گے۔