رامپور پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے لوگوں کے چالان نہیں کاٹے بلکہ گلاب کا پھول دے کر انوکھے انداز میں اصولوں پر پابندی کرنے کی ترغیب دلائی۔
دراصل رامپور پولیس انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک بیداری مہم چلائی جا رہی ہے۔ اس دوران ہر روز ٹریفک قوانین کی پابندی نہ کرنے والے متعدد افراد پر جرمانے عائد کئے جا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی اکثر ایسا دیکھنے میں آتا ہے کہ لوگ ٹریفک اصولوں کی پابندی نہیں کر رہے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ آج رامپور میں اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹنے کے بجائے گلاب کے پھول دے کر انہیں سمجھایا گیا کہ اگر دو پہیہ گاڑی پر ہیں تو ہیلمٹ ضرور لگائے اور اگر چار پہیہ گاڑی میں ہیں تو سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں۔
اس دوران پولیس کپتان شگن گوتم سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود رہے۔ وہیں شہر کی سرکردہ شخصیات بھی ٹریفک پولیس کی اس کام میں مدد کرتی نظر آئی۔ جس میں بیوپار منڈل کے شلیندر شرما، شاہد شمسی اور معروف عالم دین مولانا انصار احمد قاسمی کو بھی دیکھا گیا۔
اس دوران جو لوگ ماسک نہیں پہنے ہوئے تھے انہیں ماسک دے کر کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے بھی بیدار رہنے کے لیے کہا گیا۔