رامپور: الیکشن کمیشن نے رامپور سمیت ان تمام مقامات پر ضابطہ اخلاق نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے جہاں جہاں ضمنی انتخابات ہونے ہیں۔ سماجوادی پارٹی رہنما اعظم خان کے پارلیمنٹ کی رکنیت سے مستعفی ہونے کے بعد رامپور کی خالی ہوئی لوک سبھا نشست پر ضمنی انتخاب کی پولنگ کے لیے 23 جون کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ضلع میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ کر دیا گیا ہے۔ اس دوران الیکشن کمیشن نے پرچہ نامزدگی داخل کرنے لیے 30 مئی سے 6 جون تک کا وقت طے کیا ہے جب کہ 7 جون کو پرچوں کی جانچ اور 9 جون کو نام واپس لینے کی تاریخ ہوگی۔ الیکشن آفیسر ضلع کلکٹر کے احکامات پر انتخابی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ Azam Khan Left Rampur Parliament Seat
23 جون کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے 1123 پولنگ سینٹر اور 2058 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ ضلع میں 17 لاکھ 4 ہزار 792 ووٹرز ہیں جن میں سے 7 لاکھ 98 ہزار 584 خواتین اور 9 لاکھ 60 ہزار 15 مرد ووٹر ہیں جبکہ 193 دیگر ووٹرز بھی شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ضمنی انتخاب کے اعلان کے بعد ضلع کی تمام میونسپلٹی اور نگر پنچایتوں کے ذریعہ سبھی سیاسی و غیر سیاسی تنظیموں کے ہورڈنگز ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کو پُرامن ماحول میں کرانے کے لیے ضلع کو 25 زون میں تقسیم کر دیا گیا ہے اور 154 سیکٹر بنائے گئے ہیں۔ ڈی ایم رویندر کمار ماندڑ نے کہا کہ الیکشن کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں پر سخت نگرانی رکھی جائے گی۔ شراب کے استعمال، جمع خوری اور اس کی خرید و فروخت پر روک تھام کے لیے مسلسل پولیس اور آبکاری شعبہ کی ٹیمیں چھاپے ماری کی کاروائی کر رہی ہیں۔