ریاست اترپردیش کے ضلع نوئیڈا کے گوتم بدھ نگر میں یوتھ کانگریس کے ضلع صدر پرشوتم ناگر کی قیادت میں جدید ہندوستان کے معمار ، بھارت رتن اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے 75 ویں یوم پیدائش پر روٹری بلڈ بینک سیکٹر 31 نوئیڈا میں خون عطیہ کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر ناگر نے کہا کہ چالیس برس کی عمر میں وزیراعظم بننے والے راجیو گاندھی نے جدید ہندوستان کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے ہندوستان میں مواصلاتی انقلاب کا آغاز کیا اور ملک میں ووٹ دینے کی عمر 21 برس سے گھٹا کر 18 برس کی،کمپیوٹرانقلاب، پنچایتی راج اور نوودے اسکول کھولنے کا کام کیا۔
اس کیمپ میں 46 یونٹ سے زیادہ خون عطیہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف خون نہیں بلکہ زندگی ہے ۔اس موقع پر یوتھ کانگریس کے ریاستی سیکریٹری للت اوانا ،کسان کانگریس صدر گوتم اوانا، بیا پار ریاستی کنوینر رسی گوتم ،پی سی سی ستندر شرما ،میرٹھ کمشنری چیئرمین لیاقت چوہدری ، پی سی سی رام کمار تنور،پسپا کنڈپال، شاکر علی ،یعقوب علی، جگپال چوہان , شاردا ، سنیتا وغیرہ موجودرہے۔