''اترپردیش کے مئو سے مختار انصاری کے مفرور بیٹے عباس کو راجستھان حکومت نے ریاستی مہمان کا درجہ دے دیا ہے۔ اتنا ہی نہیں کانگریس کے زیر اقتدار راجستھان حکومت نے عباس کو مکمل تحفظ فراہم کرتے ہوئے شاہی انداز میں شادی کے پروگرام کو مکمل کرایا۔''
یہ بات غازی پور کے محمد آباد اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کی رکن اسمبلی الکا رائے نے پرینکا گاندھی کو لکھے گئے ایک خط میں کہی۔
عباس انصاری پر 25 ہزار کے انعام کا اعلان کرتے ہوئے پولیس اس کی گرفتاری کے لئے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ ایسے میں اترپردیش پولیس کی نظروں سے اوجھل عباس انصاری کی راجستھان جے پور میں پوری شان کےساتھ نکاح کی فوٹو وائرل ہوتے ہی لوگ حیرت میں پڑگئے۔
جیسے ہی اس خبر کے بارے میں پتہ چلا آنجہانی ایم ایل اے کرشنانند رائے کی اہلیہ اور بی جے پی کے ایم ایل اے الکا رائے نے پرینکا گاندھی کو ایک خط لکھ کر ان سے اپیل کی کہ ''کانگریس حکومت مجرموں کو تحفظ دینا بند کردے تاکہ لوگوں کو انصاف مل سکے۔''
واضح رہے کہ مختار انصاری کے مفرور بیٹے عباس انصاری پر پولس نے 25 ہزار کے انعام کا اعلان کیا تھا۔ اب خبر آئی کہ عباس انصاری نے پورے شان و شوکت کے ساتھ جے پور میں شادی کی ہے۔ سب سے زیادہ حیرت کی بات یہ ہے کہ پولیس ایک طرف جس عباس انصاری پر انعام کی رقم اعلان کرکے تلاش کررہی تھی وہ راجستھان کی گلابی شہر میں شادی کی شاندار تقریب کر کے سرخیوں میں آگیا۔