ریاست اترپردیش کے ضلع امروہہ میں زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تنظیموں نے احتجاج میں بھوک ہڑتال کا اعلان کیا۔ سماج وادی پارٹی کے قومی سکریٹری اور سابق کابینہ کے وزیر کمال اختر بھی اپنے کارکنان کے ہمراہ کلکٹریٹ پہنچے۔
وہیں سماج وادی پارٹی کے ایم ایل سی پرویز علی اپنی ٹیم کے ہمراہ کلکٹریٹ پہنچے اور زبردست مظاہرہ کیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ سماج وادی پارٹی کے رہنماؤں نے پولیس سے بدسلوکی بھی کی، جس کے بعد ایم ایل سی پرویز علی، قومی سکریٹری کمال اختر کو گرفتار کرلیا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ایل سی پرویز علی نے کہا کہ 'سماج وادی پارٹی کے قومی صدر کے حکم پر کسانوں کی مدد کے لئے آئے ہوئے کارکنان کو بدتمیزی کے الزام میں پولیس نے گرفتار کیا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی ہمیشہ کسانوں کے ساتھ رہی ہے اور ساتھ رہے گی۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ تیار کردہ تینوں زرعی قانون پر کسانوں کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی مسلسل احتجاج کیا جارہا ہے۔ سماج وادی پارٹی نے کسان تنظیموں کے زیر اہتمام بھوک ہڑتال میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا، لیکن پولیس انتظامیہ نے سماج وادی رہنماؤں کو اپنی حراست میں لے لیا۔