بی جے پی کے ذریعے کانگریس ایم ایل ایز کو مبینہ طور پر خریدنے اور بی جے پی حکومت قائم کرنے کے خلاف رامپور میں کانگریسی کارکنان نے زبردست احتجاج کیا۔
سابق ممبر اسمبلی اور 17 ویں لوک سبھا کے امیدوار سنجے کپور کی قیادت میں کارکنان نے ضلع کلکٹر کو میمورنڈم بھی پیش کیا۔
انہوں نے بھارتی جنتا پارٹی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'اس نے جمہوریت کا قتل کرتے ہوئے لوگوں کے ذریعے منتخب کی گئی حکومت کے ممبران اسمبلی کو ڈرا دھکاکر اور کروڑوں روپیوں کے لالچ دیکر توڑا ہے'۔
ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اس سے عوام کا اعتماد جمہوریت پر کمزور پڑیگا جس سے بھارتی جمہوریت کے کمزور ہونے کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے۔
سابق ممبر اسمبلی سنجے کپور نے کہا کہ کرناٹک میں جس طرح سے بی جے پی نے کانگریس۔جے ڈی ایس کی مخلوط حکومت گراکر جمہوریت کو کمزور کیا ہے وہ اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
کانگریس پارٹی کے شہری صدر مامون خان نے کرناٹک اسمبلی کے فلور ٹیسٹ میں کانگریس کی ناکامی کے لئے بی جے پی کی اعلیٰ قیادت پر ممبران اسمبلی کے خرید و فروخت کا الزام عاید کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور امت شاہ کو بھی اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔