سہارنپور میں ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہوکر پٹرول پمپ میں گھس گئی، ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔ ٹریکٹر ٹرالی کی وجہ سے پٹرول پمپ مشین اور موٹر سائیکل کو کافی نقصان پہنچا ہے، راحت کی بات یہ رہی کہ کوئی بڑا حادثہ پیش نہیں آیا۔
اطلاعات کے مطابق ریت سے بھری ٹریکٹر ٹرالی صدر بازار تھانہ علاقے میں واقع آئی ٹی سی روڈ پر انڈین آئل پٹرول پمپ پر پہنچی۔ ٹریکٹر ڈرائیور نے اپنا کنٹرول کھودیا اور ٹریکٹر پٹرول پمپ پر نصب پٹرول مشین سے جا ٹکرائی۔
بتایا جاتا ہے کہ قریب میں کھڑی موٹرسائیکل بھی ٹریکٹر کے نیچے آگئی۔ موٹرسائیکل مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ موٹر سائیکل سوار نے گاڑی سے چھلانگ لگاکر اپنی جان بچائی۔ وہیں حادثہ کے بعد ٹریکٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: بارہ بنکی : بس اور ٹرک میں ٹکر، 9 افراد ہلاک
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح بے قابو ٹریکٹر پٹرول پمپ میں داخل ہوا۔ پٹرول بھرنے والے تمام لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، پٹرول پمپ مشین خراب ہونے کی وجہ سے پٹرول پمپ نہیں پھٹا ورنہ بڑا حادثہ ہوسکتا تھا۔